تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی دہشت گردی کا سرغنہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاسداران انقلاب ایران کے محافظ ہیں اور ایرانی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے دوران پاسداران انقلاب کے جانثاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
قومی ٹیلی وژن سے نشر کردہ اپنے ایک خطاب میں صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکا پاسداران انقلاب کے خلاف عناد رکھتا ہے اور ایران دشمنی میں ہی پاسداران انقلاب کیخلاف متنازع فیصلہ کیا جب کہ اصل بات یہ ہے کہ امریکا عالمی دہشت گردی کا سربراہ ہے اور امریکی فوج خود ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی سیکیورٹی فورس پاسداران انقلاب کو خطے میں دہشت گردی کے فروغ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔