|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2019

گھوٹکی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم نےاٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش کی تو دمادم مست قلندر ہوگا۔

گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسی کوئی حکومت نہیں دیکھی جو سال میں تین بجٹ پیش کرتی اور ہر بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان لےآتی  ہے، یہ غربت نہیں غریب کو ختم کررہے ہیں، ان سے ملک نہیں سنبھالا جارہا، ان کا ہر وعدہ اور ہرنعرہ جھوٹا نکلا، اس کٹھ پتلی نے کہا تھا کہ وہ قرض نہیں لیں گے کیونکہ اس سے ملک کی سلامتی گروی ہوجاتی ہے مگر اب یہ ہر در پر بھیک مانگنے جاتے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا مگر ہراب آئی ایم ایف کی عوام دشمن شرائط پوری کرکے ڈالر، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرنے والوں نےغریبوں کے گھرتجاوزات کے نام پر مسمار کردیے آج نوجوان بے روزگاری کا رونا رو رہے ہیں ،یہ اٹھارویں ترمیم ختم کرکے صوبوں کے حقوق پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ، یہ ون یونٹ بنا کر وفاق کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،ون یونٹ سےپہلے بھی  ملک ٹوٹا تھا اور کیا یہ اب پھرملک توڑنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں کٹھ پتلی وزیراعظم کو خبردار کررہا ہوں کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرکے عوام کے حقوق کو غصب کرنے اور ون یونٹ بنانے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا۔