لاہور: ملک میں تیز ہوائیں اور بادل برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں جنوبی علاقوں اور لاہور سمیت اپر پنجاب کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے، بارش اور ہواؤں کا یہ سسٹم جمعرات تک پاکستان میں رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بالائی علاقوں اور سندھ کے کچھ مقامات پر بارش ہوگی، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر اور پنجاب میں کہیں کہیں جبکہ اسلام آباد، سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
مکران، قلات، ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے منگل تک مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ بدھ تک مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
گزشتہ روز گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں میرپورخاص میں 43 اور مِٹھی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔