نصیر آباد: کمشنر نصیرآباد ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر صدارت بلوچستان عوامی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ظفر بلوچ ڈپٹی کمشنر صحبت پور محمدیونس سنجرانی ڈپٹی کمشنر جعفرآباد آغا شیر زمان خان ڈپٹی کمشنر جھل مگسی محمدرمضان پلال ڈپٹی کمشنر کچھی سلطان احمد بگٹی ایس ای ایریگیشن ریاض بلوچ بی اینڈ آر کے فاروق ترین، احمد نواز جتک سمیت دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنر نے اپنے اپنے اضلاع کی عوامی اسکیمات کے متعلق کمشنر نصیر آباد ڈویژن کو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن میں 700 ملین روپے کی لاگت سے عوامی ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ۔
تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ترقیاتی کاموں کا پروجیکٹ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے تاکہ عوام کے مسائل احسن طریقے سے حل ہوں ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی عوام کے مفاد میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے اجتماعی نوعیت کے کاموں کو زیادہ فوقیت دی جائے ۔
انہوں نے کہاکہ صحت، تعلیم، آبنوشی، نکاسی آب جیسے دیگر عوامی مسائل پر کام کرائے جائیں انہوں نے کہا کہ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ عوام کیلئے بہتر سے بہتر انداز میں ترقیاتی کام کرائیں ۔
کمشنر نصیرآبادنے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی مد میں فراہم کی جانے والی رقوم میں کسی قسم کی خیانت کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ڈویژن بھر میں عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اسکیمات شامل کی جائیں ۔
ترقیاتی کاموں میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں خصوصی دلچسپی لی جائے تاکہ صحت مندانہ زندگی کی فراہمی میں پیش آنے والی دشواریوں کا ازالہ کیا جا سکے عوام کو بہتر انداز میں صحت کی سہولیات کی فراہمی انفراسٹرکچر کی بحالی اور آبنوشی جیسے بے ہنگم بنیادی مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔
نصیر آباد ڈویژن میں 700ملین روپے سے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ، کمشنر
وقتِ اشاعت : April 16 – 2019