کوئٹہ: سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہاہے کہ آئندہ نسلوں کو ہنرمندبناکرانہیں کامیابی کی جانب گامزن کرنے کیلئے حکومت،سیاسی جماعتوں،غیرسرکاری تنظیموں،سول سوسائٹی کو اپناکرداراداکرناچائیے۔
کوئی بھی قوم اس وقت ترقی نہیں کرسکتی جب تک وہ خوداپنے لئے ترقی کے راستے کاتعین نہیں کرتا،ان خیالات کااظہارگزشتہ روزکوئٹہ پریس کلب میں بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے ہنرمندخواتین میں ٹول کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے چیئرپرسن بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن اور بی اے پی کے رہنماء ثناء درانی،جمعیت علماء اسلام کے حافظ خلیل،بی اے پی کے علاؤالدین کاکڑ،ضیاء خان،امینہ بلوچ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ اس موقع پر مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین اور بچیوں میں ٹول کٹس،تعارفی اسناداورشیلڈتقسیم کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثنا ء درانی نے کہ بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے اب تک 5ہزار خواتین کو معاشی طورپرمستحکم کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی ہے بلوچستان کی پڑھی لکھی خواتین کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے انفرادی اوراجتماعی سطح پر بچیوں کو ہنرمندبنانے میں اپنا کرداراداکریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں محض انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ معاشرے کی تعمیر وترقی میں اپناکرداراداکرسکیں۔
اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے حافظ خلیل،علاؤالدین کاکڑ،ضیاء خان،امینہ بلوچ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والی خواتین اوربچیوں کومبارک بادپیش کرتے ہوئے امیدظاہرکی کہ وہ مختلف شعبوں میں حاصل کی جانے والی تربیت سے کمیونٹی سطح پردیگرخواتین اوربچیوں کوبھی ہنرمندبنانے میں اپناکرداراداکریں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی آئندہ نسل تعلیم کے زیورسے آراستہ ہوکر خودکوہنرمندبنانے کیلئے حاصل مواقعوں کوضائع کرنے کی بجائے اس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں اپناکرداراداکریں۔