کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے آئندہ مالی سال میں زمینداروں اور مالداروں کی سہولت اور ان کی زرعی اور نامیاتی پیداوار کی بڑی منڈیوں تک بروقت رسائی ممکن بنانے کے لئے فارم ٹو مارکیٹ روڈ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا وژ ن ہے کہ زراعت اور مالداری کے شعبے صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان دونوں شعبوں کی ترقی اور عوام کے لیے ان میں روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چونکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے زمینداراورمالدار پورا سال اپنی زمینوں پر محنت کرتے ہیں لیکن زرعی پیداوار کی بروقت مارکیٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ان کی محنت کا ثمر اس طرح سے نہیں ملتا جیسے کہ ملنے کا حق ہے ا ور نہ ہی وہ زراعت سے متعلق جدید سہولیات سے مستفید ہوپاتے ہیں۔
زمینداروں اور مالداروں کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ فارم تا مارکیٹ تک رسائی کے لیے صوبے بھر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کے لیے حکمت عملی وتجاویز فوری طور پر تیار کرکے پیش کریں تاکہ آئندہ ایس ڈی پی 2019-2020 میں یہ منصوبہ بھی شامل کیا جاسکے۔