کراچی: ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کہا ہے کہ ائیر سروس معاہدوں پر نظر ثانی کرکے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نئی ایوی ایشن پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بورڈ کے قیام کے لیے بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔ایوی ایشن پالیسی کے تحت ڈومیسٹک ائیرلائنز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن اور ہدایات کے مطابق بنائی گئی نئی ایوی ایشن پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر شاہ رخ نصرت نے مزید کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے اور اس حوالے سے متعلقہ ریگولیٹری قواعد و ضوابط میں بیشتر ترامیم کی جاچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی ہدایات پر بنائی گئی ایوی ایشن اوورسائٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پی آئی اے، ائیربلیو اور سیرین ائیر کے علاوہ ایوی ایشن کی صنعت کے پچاس کے قریب سربراہوں نے شرکت کی جس میں نیشنل ایوی ایشن پر عملدرآمد اور ایوی ایشن شعبہ کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے ممکنہ حل پر غور و خوص کیا گیا۔
مذکورہ کمیٹی کا ہر تین ماہ بعد اجلاس ہوا کرے گا جس میں ایوی ایشن کے شعبہ کے مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت کی جائے گی اور ملکی ایوی ایشن کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں گے۔
سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں بنائی گئی نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت نئے سیاحتی ائیر آپریٹر لائسنس کی شرائط و اہلیت معیارات تقریباً مرتب کیے جاچکے ہیں جبکہ سی اے اے کے ریگولیٹری فنکشن کو سروس پروائیڈر کے فنکشن سے الگ کرنے کاکام شروع کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بورڈ کے قیام کے لیے بھی کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت ڈومیسٹک ائیرلائنز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت سی اے اے کے تمام چارجزمناسب کرنے کے احکامات جاری کیے جارہے ہیں جبکہ ائیر سروس معاہدوں پر نظر ثانی کی جارہی ہے تاکہ ائیر سروس معاہدوں کی ڈومیسٹک ائیر لائنز کے لیے غیر مفید شقوں کو تبدیل کیا جاسکے۔
سیکریٹری ایوی ایشن ;241;ڈی جی سی اے اے شاہ رخ نصرت نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ایوی ایشن سیکٹر پر لاگو حکومتی ٹیکسوں کو مناسب کرنے کی سفارش کی جارہی ہے اس موقع پر پی آئی اے، ائیربلیو، سیرین ائیر اور ایوی ایشن سیکٹر کے دیگر اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ سی اے اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔