کوئٹہ: بلوچستان کی ترقی کا وژن لیکر آگے بڑھ رہے ہیں، ماضی میں صرف ترقی کے دعوے کئے گئے مگرموجودہ صوبائی حکومت عملی طور پر اپنا کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان میں معاشی تبدیلی کا برائے راست فائدہ عوام کو پہنچے گا، بلوچستان کے صحافتی برادری کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، صحافیوں کے حل طلب مسائل کو حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کااظہار ترجمان حکومت بلوچستان میر لیاقت شاہوانی نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ایوب ترین،جنرل سیکرٹری رشید بلوچ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ و دیگر سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہاکہ صوبہ میں آج ریکارڈ ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عوامی مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جسکی واضح مثال اہم منصوبوں کا آغاز ہے بہت جلد عوام تبدیلی دیکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں صوبہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے بہتر انداز میں کام کررہے ہیں۔ ترجمان حکومت بلوچستان میر لیاقت شاہوانی نے کہاکہ حکومت اور میڈیا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں ہمیں ملکر بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے صحافیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جس کٹھن حالات میں وہ اپنا پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھارہے ہیں یقینا قابل ستائش ہے، میر لیاقت شاہوانی نے جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیم،جرنلسٹ ویلفیر فنڈ میں حال رکاوٹوں کو دور کرنے اور صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔