|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2019

کوئٹہ : بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ پر کیسکو چیف کوبلوچستان اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر طلب کرلیا، کیسکو چیف لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں ا ضافے سے متعلق اراکین کو بریفنگ دینگے۔گزشتہ روز ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھاگ اور ملحقہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے گرم ترین علاقے جہاں درجہ حرارت 45سے 50سینٹی گریڈ تک جا پہنچتا ہے وہاں گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اتنا زیادہ اضافہ بہت بڑی ناانصافی ہے جس سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں آگے رمضان المبارک کا مہینہ آرہا ہے چیئر مین رولنگ دیں اورمتعلقہ حکام کو پابند بنایا جائے کہ لوڈشیڈنگ میں اضافے کا فیصلہ واپس لیں۔

اس موقع اجلاس کی صدارت کرنے والے پینل آف چیئر مین کے رکن قادر علی نائل نے رولنگ دیتے ہوئے کیسکو چیف کو آئندہ اجلاس کے موقع پر طلب کرلیاتاکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں ا ضافے سے متعلق اراکین کو بریفنگ دے سکیں۔