کوئٹہ : کوئٹہ شہر میں قائم 50سے زائد پرائیویٹ ہسپتال تین سال میں محض 10ہزار روپے محکمہ صحت کو جمع کروانے کے پابند، کروڑوں کا کاروبار کرنے والے ہسپتالوں کومحض 20ہزار روپے میں لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔
گزشتہ تین سالوں میں شہر میں 15نئے ہسپتال نے رجسٹرہوئے محکمہ صحت ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں 53پرائیویٹ ہسپتال ہیں جن میں سے 6زیر تعمیر ہیں 53میں سے 35ہسپتالوں نے لائسنس کی تجدید کر وائی ہے جبکہ ایک ہسپتال کالائسنس زائد المعیاد ہوچکا ہے 2016سے اب تک 15ایسے ہسپتالوں کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں جو یا تو زیر تعمیر ہیں یا پھر نو تعمیر شدہ ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال سے رجسٹریشن کے وقت 20ہزار بطور رجسٹریشن فیس وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اس کے بعد ہر تین سال میں 10ہزار روپے جمع کروانے ہوتے ہیں جس کے بعد انکے لائسنس کی معیاد میں تین سال کی توسیع کردی جاتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں واقعہ 19ہسپتالوں کی رجسٹریشن کی معیادرواں سال کے آخر تک ختم ہو جائیگی جس کے بعد انہیں دوبارہ تجدید کروانی ہوگی۔اس وقت کوئٹہ کے وسط میں واقعہ لیڈی ڈفرن ہسپتال شہر کا سب سے بڑا پرائیویٹ ہسپتال ہے جس میں 206بیڈز کی گنجائش موجود ہے جبکہ چلڈرن ہسپتال میں 126،کرسچن ہسپتال میں 120،سلطان ترین ہسپتال میں 105،اکرم ہسپتال میں 60بیڈز کی گنجائش کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔