|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2019

خضدار: کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہا ہے کہ کسی بھی فورس کے لیئے جدید تربیت بنیادی ضرورت ہے تربیت مکمل کرنے والے لیویز فورس کے جوان خوش نصیب ہیں کہ انہیں آج سے ملک کی سلامتی،عوام کے جان و مال کی تحفظ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے مجھے امید ہے کہ لیویز فورس کے جوان اپنے حلف کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت اور عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل ٹریننگ سینٹر خضدار میں لیویز فورس کی آٹھویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب حلف برداری کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ سرزمین پاکستان کو ماں کا درجہ حاصل ہے اس لیئے ہم پر واجب ہے کہ اپنی سرزمین کی بقا اور سلامتی کے لیئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیئے تیار رہیں انہوں نے کہا کہ خضدار لیویز فورس کو آج یہ اعزاز حاصل ہے کہ انکی محنت اور فرض شناسی کے باعث صوبے میں کوئٹہ کے بعد خضدار میں لیویز ٹرینگ سینٹر کو ریجنل ٹریننگ سینٹر کا درجہ حاصل ہے۔

کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے خضدار لیویز کمانڈر ڈپٹی کمشنر خضدار ریٹائرڈ میجر محمد الیاس کبزئی اور خضدار لیویز کے انسٹریکٹروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختصر دورانیہ کے دوران لیویز فورس کے جوانوں کو مشکل ترین پیشہ ورانہ تربیت مکمل کروائی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار ریٹائرڈ میجر محمد الیاس کبزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خضدار لیویز فورس نے ہر محاذ پر اپنا فرض شاندار طریقے سے انجام دے کر لیویز فورس کا نام روشن کیا۔

امن و امان کے حوالے سے ہو یا شر پسند عناصر کی گرفتاری ہو علاوہ ازیں خضدار لیویز فورس نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام میں بھی گراں قدر خدمات سرانجام دی ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ ریجنل ٹریننگ سینٹر خضدار میں نو اضلاع پشین،تربت،پنجگور،خاران،زیارت،چاغی،ژوب، اور ہرنائی سے تعلق رکھنے والے دو سو اکتالیس لیویز کے جوانوں نے تربیت مکمل کی قبل ازیں لیویز کے چاق و چوبند جوانوں نے مہمانوں کو سلامی دی اور مختلف پیشہ ورانہ کرتب کامظاہرہ کیا۔

بعد ازاں کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر، ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی، ایس ایس پی خضدار جاوید اقبال غرشین اے سی خضدار محمد وارث سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی نال میر خالد بزنجو نے دوران تربیت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیویز اہلکاروں میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کیئے۔

تقریب میں سرکاری حکام ایکسیئن پی ایچ ای یار جان بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خضدار عبدالقیوم عمرانی،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خضدار نذر خان زہری،انجنیئر عبدالواحد بلوچ،تحصیلدار خضدار محمد اعظم باجوئی،منیر احمد مغل،محمد مراد گزوزئی، حاجی بشیر احمد مینگل،منظور احمد نوشاد، اور دیگربھی موجود تھے۔