کوئٹہ: حکومت بلو چستان نے اپنے ایک مراسلہ میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن سے مطالبہ کیاہے کہ وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر جوخصوصی رمضان پیکج مہیاکرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسکا بھر پور فائدہ بلو چستان کے عوام کو بھی ملنا چاہیئے مراسلہ میں کہاگیاہے کہ بلو چستان کے سات زونزکے یوٹیلیٹی سٹورزمیں اشیاء خوردونوش سرے سے دستیاب ہی نہیں ہے جسکی وجہ سے اس ماہ مبارک میں بلو چستان کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رمضان المبارک کے اس با برکت مہینہ میں جہاں ملک بھر کے عوام کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری سٹورز پر خصوصی رعایتی پیکج مہیاکیا گیا ہے وہاں بلو چستان کے عوام کو اس سے محروم رکھنا کسی بھی طور بھی مناسب نہیں ہے۔
حکومت بلو چستان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں مزید کہاگیاہے کہ بلو چستان بھر کے یوٹیلیٹی سٹورزمیں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر دستیابی فوری طور پر یقینی بنائی جائے تاکہ یہاں کے عوام بھی اس ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے رعایتی پیکج سے مستفید ہوسکیں۔