تربت: محکمہ انڈسٹری کا ملازم ڈنگی اسپرے مہم کے دوران زہر لگنے کے باعث جان بحق۔تربت میں ڈینگی وائرس اسپرے مہم میں حصہ لینے والے محکمہ انڈسٹری کے ملازم امان عرف پُل گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔
اہلخانہ نے ان کے انتقال کی وجہ مبینہ طور پر ڈینگی مہم میں اسپرے کے وقت زہر دماغ میں منتقل ہونے کوقرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں علاج کے دوران ٹیسٹ سے ان کے جسم میں ڈینگی اسپرے کے زہر پائے گئے تھے۔
اہل خانہ نے مبینہ طور پر ان کے انتقال کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عدم تربیت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ نے اسپرے مہم میں شامل کر کے دوسرے محکموں کے ملازمین کو خاص تربیت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے امان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ امان عرف پُل جو محکمہ انڈسٹری کا ملازم تھا تربت کے علاقے گوکدان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی مار مہم میں اسپرے ٹیم کا ایک رکن تھاانہیں طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز ایمرجنسی میں کراچی منتقل کردیاگیا مگر وہاں جانبر نا ہوسکا۔