|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2019

کوئٹہ:  وزیراعظم آفس سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ارسال کئے گئے مراسلے میں شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہارکیا گیا ہے۔

پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ وزیر اعظم سیکرٹریٹ اسلام آبادسے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ارسال کئے گئے مراسلے میں موقف اختیار کیا گیاہے۔ بلوچستان کے سرکاری افسران و دیگراہلکار شکایات کے ازالے میں کوتائی برت رہے ہیں۔

بلوچستان حکومت نے کل 4791 شکایات میں 800 شکایات حل کی ہیں جو کہ محض17فیصد بنتا ہے، بلوچستان شکایات کے ازالے میں تمام صوبوں سے پیچھے ہے اسی طرح 4791میں 1152شکایات زائدالمیعاد ہیں جو 24فیصد بنتی ہیں مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں سرکاری دفاتر کو 53پورٹل اکاؤ نٹس دیئے گئے ہیں جن میں 41اکاؤنٹس کی کارکردگی صفر ہے۔

سرکاری افسران و دیگر اہلکاروں کی آسانی کیلئے ان کو گائیڈ لائن بھی مہیا کی گئی ہے،لیکن پھر بھی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔سرکاری افسران و اہلکار عوام کی خدمت کریں، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم پاکستان کا مشن ہے۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کی مانیٹرنگ کیلئے وزیراعظم مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جہاں تمام صوبوں کی کارکردگی کو جانچا جارہا ہے۔پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا جارہا ہے۔