لندن: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی معرکے میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104 رنز سے شکست دے دی۔
ورلڈکپ 2019 کا افتتاحی میچ لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، ہاشم آملہ کو ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث انہیں ریٹارئرہٹ ہونا پڑا جس کے بعد ایڈن مارکرام بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان فاف ڈپلسی بھی 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
ڈی کوک نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، جے پی ڈومنی صرف 8 رنز بنانے کے بعد معین علی کا شکار بن گئے، ڈیوائن پروٹرس صرف ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جب کہ راسی وین بھی 50 رنز پر ہمت ہار گئے۔
آندلے پھلکوایو 24 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کا شکار بنے۔ ہاشم آملہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے لیکن 13 رنز بنانے کے بعد واپس پویلین لوٹ گئے جب کہ کگیسو رابادا بھی 11 رنز ہی بناسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، لیام پلنکٹ نے 2، جب کہ عادل رشید اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلسی نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور جونی برسٹو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عمران طاہر نے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر برسٹو کو پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد جوئے روٹ بیٹنگ کے لیے آئے۔
پہلی وکٹ جلد گرجانے کے بعد جوئے روٹ اور جیسن روئے نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی شراکت قائم کی ، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں جس کے بعد جیسن روئے 54 رنز پر آندلے پھلکوایو اور جوئے روٹ 51 رنز پر رباڈا کا شکار بنے۔
کپتان مورگن اور بین اسٹوکس نے بھی 106 رنز کی شراکت قائم کی اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں بنائیں جس کے بعد مورگن 57 رنز کی اننگز کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے جس کے بعد جوس بٹلر میدان میں اترے لیکن وہ صرف 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور معین علی بھی صرف 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ بین اسٹوکس 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رابادا 3، عمران طاہر اور لنگی نگیڈی نے 2،2 جب کہ آندلے پھلکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔