کوئٹہ: مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پراسرائیلی قبضے کیخلاف تمام امت مسلمہ کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے،قرآن کی رو سے یہودونصاریٰ کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے جیدعلماء کرام نوجوانوں کی ذہنی وفکری تربیت کرکے انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔
ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کیخلاف گول میز کانفرنس سے قاری عبدالرحمن علامہ جمعہ اسدی جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالحق ہاشمی جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین شرودی جمعیت طلباء اسلام نظریاتی کے امیر مولانا عبدالقادرلونی سینئر قانون دان طارق بٹ ایڈووکیٹ مولانا عطاء الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین شرودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں او آئی سی کے اجلاس میں امریکہ صدر کی شرکت باعث افسوس ہے اور المیہ ہے کہ مسلم ممالک کی رہبری امریکہ کرتا ہے انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی کیلئے تمام مسلم ممالک کے احباب اقتدار کو متحد ہوکر جدوجہدکرنی چاہئے،جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے صوبائی امیرعبدالقادرلونی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو درپیش مشکلات کی وجہ سے جہاد سے دوری ہے۔
گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی قبضہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اسے امت مسلمہ فراموش نہیں کرسکتی حضرت محمدﷺ نے قبلہ اول بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز ادا کی ہے۔کانفرنس سے جماعت اسلامی کے امیر عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ مسلم امہ کے حکمرانوں کی نالائقی کے باعث مسلمان دنیا بھر میں پریشان ہیں مسئلہ فلسطین کے مسئلے پرامت مسلمہ کو یک زبان ہوکراپنی جدوجہد کرنی چاہئے۔
مجلس وحدت المسملین کے رہنما علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ یوم القدس سے نوجوان نسل میں فلسطین سے متعلق بیداری پیداہوئی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ جمعتہ الوداع یوم القدس کو حکومت سرکاری طورپر منانے کااعلان کرتے ہوئے اس روز تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مل کرجلوس اورریلیاں نکالیں۔
جب تک مسلمان مجاہد تھے دنیا پر مسلمانوں کی حکمرانی تھی مگر جس دن سے جہاد کیخلاف منفی پروپیگنڈہ شروع کیاگیا اس دن سے ہم زوال پذیر ہوتے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ علماء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو فلسفہ جہاد سے روشناس کرائیں، کانفرنس سے سینئر قانون دان طارق بٹ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بھی خطاب کیا۔