|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2019

کوئٹہ : چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ میں اس وقت تک عید نہیں مناؤنگا جب تک پاکستان کے محکوم عوا م کو انکے تاریخی حقوق اور حق حکمرانی حاصل نہیں ہوتا، چیئر مین نیب اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف شوشہ وزیراعظم عمران خان کے دفتر سے چھوڑا گیا ہے وہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کا احتساب نہ ہو۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو ”این این آئی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ میں عید پر بلوچستان میں ہونگا لیکن اس وقت تک عید نہیں مناؤنگا جب تک پاکستان کے محکوم عوام کو انکا تاریخی حق حکمرانی حاصل نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اے پی سی میں مدعو کیا گیا تو ضرور جاؤنگا اور اپنا نقطہ نظر رکھونگا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل کو مشکوک بنا نے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے دفتر سے چیئرمین نیب اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر ججز کے خلاف شوشہ چھوڑا گیا ہے حکومت کے کچھ لوگوں کا نام کرپشن میں ملوث ہونے پر لیا جارہا ہے جنہیں بچانے کے لئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے۔