کوئٹہ+ قلعہ سیف اللہ : بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں کوئٹہ سے ژوب جانے والے مسافر وین اور ٹرک کے درمیان المناک ٹریفک حادثے میں خاتون اور بچوں سمیت15 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل شامل ہیں اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بدقسمت مسافر وین کوئٹہ سے ژوب جارہی تھی کہ قلعہ سیف اللہ کے علاقے علی خیل کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلعہ سیف اللہ منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد میں سلطان محمد، محمد الیاس، داؤد شاہ، سلطان بی بی، عصمت اللہ، میر حمزہ ودیگر شامل ہیں۔
مرنے والوں میں ٹھیکیدار نواب خان مندوخیل کے خاندان سے تعلق رکھنے والے 5 افراد بھی شامل ہیں جو کہ کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن کے رہائشی ہیں دیگر جاں بحق بچوں اور افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
10 زخمیوں جن میں سیف الرحمن، فاروق، شاہد خان، نورا خان، لیمہ، آریانہ، بی بی شمسہ، عبدالقادر، عبدالواحد اور اشرف خان شامل ہیں کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حادثے کے عبد قلعہ سیف اللہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی بلکہ صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری کی ہدایت پر سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد نے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، مفتی محمود ہسپتال کچلاک اور قومی شاہراہ پر قائم دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے بلکہ کوئٹہ سے امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز بھی زخمیوں کو لانے کے لئے بھجوادی گئی ہے اس کے علاوہ تمام ہسپتالوں میں طبی اور نیم طبی عملے کو حاضر رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔