|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2019

لندن: ورلڈکپ کے بیسویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 335 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 247 رنز پر ڈھیر ہوگئی،  کرونارتنے اور کشال پریرا پر مشتمل جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 115 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا  تاہم ابتدائی نقصان کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، کرونارتنے کے سوا کوئی بلے باز ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا۔

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کرونارتنے 97 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے جب کہ پریرا 52 ، تھریمانے 16،مینڈس 30،میتھیوز 9،سیری وردنا3،پریرا 7،ادانا 8،ملنگا ایک اور پرادیپ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ رچرڈسن 3، پیٹ کمنس 2 اور بہرینڈرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ کے سنچری میکر وارنر 26 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، عثمان خواجہ بھی 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان ایرون فنچ نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اس دوران اسمتھ نے اپنی نصف سنچری اور فنچ نے اپنی سنچری مکمل کی، اسمتھ 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان فنچ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔

شان مارش صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور وکٹ کیپر بیٹسمین الیکس کیرے بھی 4 رنز ہی بناسکے تاہم گلین میکس ویل نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے اسیرو اڈانا اور ڈی سلوا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔