|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2019

لاہور: قومِی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوج کیلیے درخواست جمع کروانے کی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی ہے۔

تاحال ڈین جونز کے علاوہ کسی ہائی پروفائل غیر ملکی کی جانب سے دلچسپی ظاہر نہ کئے جانے پر مصباح الحق مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، ان کی طرف سے درخواست آج جمع کروادی جائے گی، سابق کپتان اس وقت پری سیزن کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں،  بولنگ کوچ کیلئے وقار یونس امیدواروں میں شامل ہو چکے ہیں، ان کی جانب سے ہیڈ کوچ کے لیے بھی درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق کورٹنی واش بھی پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن ڈین جونز کی طرح ان کا کیس بھی کمزور نظر آرہا ہے، ذرائع کے مطابق راشد لطیف نے چیف سلیکٹر کے عہدے پر کام کرنے میں عدم دلچسپی کا اظہار کردیا ہے، ہیڈ کوچ کو ہی نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت بننے والی 6 صوبائی ٹیموں کے کوچز اور سلیکٹرز کی سلیکشن کی معاونت سے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب مصباح الحق نے کمیٹی رکن کی حیثیت سے استعفیٰ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کو پیش کردیا ان کے ہیڈ کوچ بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، سابق کپتان نے ذاکر خان سے ملاقات کی، ان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ کے ہیڈ کوچ کےلیے آج باضابطہ طور پر درخواست جمع کرادی ہے، جانتا ہوں اس عہدے کےلیے کئی نامور افراد دلچسپی رکھتے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کےلیے سخت مقابلے کی توقع ہے، درخواست جمع کروانے سے قبل میرا نام گردش کرنا دلچسپ امر تھا، پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرلے گا۔