|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2019

کوئٹہ: روزنامہ آزادی کے سینئر سب ایڈیٹر جمیل احمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب حسب معمول روزنامہ آزادی کے سینئر سب ایڈیٹر اور کوئٹہ پریس کلب کے رکن جمیل احمد کام ختم کرکے سریاب روڈ پر واقعے دفتر سے اپنے گھر کرانی روڈ جارہے تھے۔

کہ گھر سے کچھ ہی فاصلے پر نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جمیل احمد زخمی ہوگئے واقعے کے فوری بعد صحافی کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہسپتال انتظامیہ کے مطابق صحافی کو چار گولیاں لگی ہیں اور وہ ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صحافیوں نے سول ہسپتال کوئٹہ جاکر زخمی صحافی کی عیادت کی کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ، بلوچستان یونین آف جنرنلسٹس کے صدر ایوب ترین، جنرل سیکرٹری رشید بلوچ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ پولیس بلا تاخیر واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمی صحافی جمیل احمد کے بہتر علاج ومعالجہ کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے واقعے سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔