|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2019

خضدار: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان اور بلوچ قوم کو قبائلی تنازعات نے نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے آبا و اجداد کی قبائلی رسم و رواج کے تحت قبائلی تنازعات کے حل کی جانب عملی طور پر پیش قدمی کریں،قبائلی تنازعہ اور رنجشیں چائیے جس بھی قبیلہ کے درمیان ہوں لیکن اس کے اثرات سے پورا بلوچستان متاثر ہوتا ہے۔

زہری میں چند روز قبل جو نا خوش گوار واقعہ پیش آیا اس کے متعلق چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی اور جھالاوان کے علماء کرام کا مجھ سے رابطہ ہوا ہے میں اور میری سیاسی جماعت نیشنل پارٹی اس تنازعہ سمیت تمام تنازعات کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں اور ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نواب رئیسانی کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنجو ہاؤس خضدار میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا سردار محمد اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے بلوچ قوم کو سب سے زیادہ نقصان قبائلی تنازعات نے پہنچایا ہے ہمارے اچھے قابل اور زیرک لوگ ان قبائلی تنازعات کی وجہ سے مارے گئے ان قبائلی تنازعات کے حل کے لئے قبائلی سرداران،علماء کرام سمیت ہر بلوچ کو کردار ادا کرنا چائیے۔

تمام رنجشوں،تنازعات اور معاملات کا حل ہمارے اباو اجداد کی قبائلی رسم و رواج میں موجود ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی قبائلی رسم و رواج کو سامنے رکھتے ہوئے ان تنازعات کے حل کے لئے عملی طور پر پیش قدمی کرنا شروع کریں میں سمجھتا ہوں سراوان ہو یا جھالاوان رخشان ہو یا کہ مکران جہاں بھی ایک قبیلہ کے درمیان تنازعہ ہوا ہے اس کے اثرات سے پورے بلوچستان خاص کر مندرجہ بالا علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

زہری میں پیش آنے والے نا خوشگوار واقعہ کے متعلق چیف آفسرسراوان نواب محمد اسلم رئیسانی،چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی،چیف آف بنگلزئی سردار کمال خان بنگلزئی سمیت دیگر سرداروں اور نوابوں نے کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے مجھ سے بھی انہوں نے رابطہ کیا ہے میں اور میر ی پارٹی (نیشنل پارٹی) بلوچستان میں جہاں بھی قبائلی تنازعات ہیں زاتی رنجشیں ہیں ان کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

میں زاتی طور پر دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ نواب رئیسانی اور سراوان کے دیگر سرداروں اور نوابوں کی ان کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں سردار محمد اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ زہری میں پیش آنے والے واقعہ کے متعلق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مولانا قمر الدین کی قیادت میں ایک وفد نے بھی مجھ سے ملاقات کی انہوں نے بھی اس مسئلے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا۔

اور مجھ سے کردار ادا کرنے کا کہا ہے میں علماء کرام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے قبائلی تنازعات کے حل کے لئے پیش قدمی شروع کر دی ہے انشاء اللہ ہم سب کی کوشش یہی ہے کہ بلوچستان میں جاری قبائلی تنازعات کا ہر ممکن قبائلی رسم و رواج کے مطابق حل نکالا جائے میں اور میر ی پارٹی نیشنل پارٹی ہر ممکن طریقے سے ہر سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہیں۔