کوئٹہ: ہیواد آرگنائزیشن کے زیر اہتمام قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی جانب سے انسانی حقوق کے کارکنان کی حفاظت اور حقوق کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن کے اجرا کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے رکن صوبائی اسمبلی دنیش کمار،قومی کمیشن برائے انسانی حقوق شمروز ساتکزئی، ہیواد کی صدر فاطمہ خان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پالیسی گائیڈ لائن میں واضح کیا گیا ہے کے انسانی حقوق کا قومی کمیشن کوشش کرے گا کہ انسانی حقوق کے کارکنان انسانی حقوق کی بہتری اور آئین پاکستان میں دیئے گئے حقوق کی ترویج اور حصول کے حوالے سے اپنا کام بلا خوف خطر قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے جاری رکھ سکیں انہوں نے کہاکہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ملک کا انسانی حقوق کے حوالے سے سب سے بالادست ادارہ ہے۔
اور اس کی ذمہ داری ہے کے انسانی حقوق کی ترویج اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ این سی ایچ آر نے انسانی حقوق کے کارکنان کی حفاظت کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن کا اجرا ملک بھر میں انسانی حقوق کے کارکنان، سماجی تنظیموں اور دیگر اداروں سے مشاورت کے بعد کیا ہے اور ہم اس پالیسی کے نفاذ اور اس میں دیے گئے لاحہ عمل پرعملدرآمدکیلئے پرعزم ہیں۔
مرکزی اور صوبائی حکومتیں آئین پاکستان اور دیگر قوانین میں دیے گئے انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے حوالے سے ذمہ دار ہیں. انسانی حقوق کی تنظیمیں ان حقوق کو یقینی بنانے میں حکومت کے ساتھ معاونت کر رہی ہیں اور اس حوالے سے حکومت اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مثالی بنانا ہوگا تاکہ تشدد سے پاک پرامن اور حقوق پر مبنی پاکستانی معاشرہ کی تشکیل کاخواب ممکن ہوسکے،انہوں نے کہا کہ اس پالیسی گائیڈ لائن کے اجرا کے بعد انسانی حقوق کے کارکنان کے حوصلہ بلند ہوئے ہیں۔
اس پالیسی گائیڈ لائن میں انسانی حقوق کے کارکنان اس کی حیثیت, ان کی عزت اور ان کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرنے کی بات کی گئی ہے جو کہ خوش آئند ہے،صنفی اور جنسی تشدد کی روک تھام کے حوالے سے کام کرنے والے ایوا الائنس کہ کوآرڈینیٹر فداجان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کی سول سوسائٹی: امید کرتی ہے کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق اس پالیسی گائیڈ لائن کے نفاذ, آگاہی اور عمل درآمد کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے گا۔
پاکستان بھر کی سول سوسائٹی اس پالیسی گائیڈ لائن کے اجرا کے لیے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی مشکور ہے اور جہاں ضرورت پڑے گی کمیشن کا ساتھ دے گی،مقرین نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک اور معاشرے میں انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے’ انسانی حقوق: کے کارکنان کا کردار ناگزیر ہے۔
. پاکستان بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عام ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان کو حقوق اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں, انہوں نے حکومت سے اپیل کی کے انسانی حقوق کے کارکنان کی حفاظت کو بہتر بنانے کے حوالے سے عملی اقدامات کرے۔