|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2019

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ بی این پی کے زیر اہتمام آج ہونے والے جلسہ سے صوبے کی سیاسی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہوگا، جلسہ میں پشتون اضلاع سے قافلوں کی شرکت سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

گزشتہ روز ریلوے ہاکی گراؤنڈ کے دورے کے موقع پر وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ جلسہ میں صوبے بھر سے لوگ شرکت کرکے پارٹی کے شہید رہنماء نواب امان اللہ زہری کو محکوم اور مظلوم اقوام کیلئے دی جانیوالی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی شہدا کے ورثاء کی جماعت ہے پارٹی کو اصولی موقف سے دستبرار کرنے کیلئے آمریت اور نام نہاد جمہوری ادوار میں پارٹی قیادت اور کارکنوں کو قتل وغارت گری کا نشانہ بنایا جاتا رہاہے تاہم تمام مصائب اور مشکلات کے باوجود پارٹی کے ساتھی ساحل وسائل پر دسترس ننگ وناموس کے تحفظ کیلئے عملی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان سمیت سندھ، پنجاب، کے پی میں جہاں بھی زیادتی ہوئی ہے بلوچستان نیشنل پارٹی نے نہ صرف قومی اسمبلی میں اس کی بھر پور مذمت کی بلکہ احتجاج کے تمام جمہوری ذرائع استعمال کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی میں بلوچستان کے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت نے پارٹی کو صوبے میں ناقابل تسخیر قوت بنادی ہے۔