کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی جاری ہے 300عمارتیں بلڈنگ کوڈ کے خلاف بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن طارق جاوید مینگل نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائی جانے والی عمارتوں کی تعداد 300سے تجاوز کرچکی ہے یہ عمارتیں 30فٹ سے اونچی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں 1935ء میں آنے والے زلزلے کے بعدانگریز حکومت نے بلڈنگ کوڈ متعارف کروایا تھا جس کے تحت 30فٹ سے اونچی عمارت تعمیر کرنے پر پابندی عائد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ عمارتیں کوئٹہ شہر کے وسط میں واقع ہیں جبکہ کسی بھی قسم کے حادثے یا زلزلے کی صورت میں ان عمارتوں کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوسکتا ہے۔