خضدار : صوبائی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے خضدار میں شہری اور دیہی علاقوں کے لیئے مختص (ہیپاٹائٹس)ویکسین معمولی اخراجات کے لیئے دستیاب رقم نہ ہونے کی وجہ سے عوام الناس مستفید نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ضلع خضدار کے شہری اور دیہی علاقوں کے لیئے وافر مقدار میں ہیپاٹائٹس سے نجات کے لیئے ویکسین فراہم کیا تھا ڈاکٹر نذیر احمد عمرانی کے مطابق شہری علاقوں کے لوگ بڑی تعداد میں دستیاب ویکسین سے مستفید ہوئے،لیکن دور دراز کے علاقوں سارونہ،کنجڑ،گاج،کولاچی،مولہ،کرخ اور دیگر علاقے شامل ہیں کے لیئے مختص ویکسین (بیالیس ہزار) لوگوں کے لیئے تاحال استعمال میں نہیں لایا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین استعمال نہ ہونے کی بڑی وجہ دور دراز علاقوں تک جانے کے لیئے ٹرانسپورٹ اور فیول کی عدم دستیابی ہے ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس ایک جان لیوا اور موذی مرض ہے جب کہ اس مرض کے لیئے ویکسین غریب لوگوں کی دسترس سے کافی مہنگی بھی ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ ہیپا ٹائٹس سے بچاؤ کے ویکسین کو فوری طور پر استعمال میں لانے کے لیئے اقدامات کئے جائیں ایسا نہ ہوکہ ذمہ داران کی غفلت اور کوتاہی کے باعث یہ قیمتی ویکسین زائد المیعاد نہ ہوجائے۔