کوئٹہ: اسپیکربلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بھارت کی بلوچستان کی پاکستان سے الگ شناخت ظاہر کرنے کی سازش بلوچستانیوں نے ناکام بنیادی یوگینڈا میں کامن ویلتھ کے اجلاس میں بلوچستان کے وفد نے بھارتی پارلیمٹرین کو بھارت مردہ باد کے نعرے لگا کر منہ توڑ جواب دے دیا۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں گزشتہ دنوں یوگینڈا میں کامن ویلتھ کے اجلاس میں شرکت کرنے بعد وطن واپس پہنچنے کے بعد اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت اپنی سازشوں سے باز نہیں آیا کامن ویلتھ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے بلوچستان کی پاکستان سے الگ شناخت ظاہر کرنے کی سازش کی گئی جسے بلوچستان کے پارلیمٹرین گروپ نے ناکام بنا دیا۔
اسپیکر نے بتایا کہ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران اراکین اسمبلی میر حمل کلمتی اور مبین خلجی ان کے ہمراہ یوگینڈا میں اجلاس میں شرکت کے لئے گئے تھے جہاں پر بھارتی پارلیمانی گروپ کی جانب سے بلوچستان کی پاکستان سے الگ شناخت ظاہر کرنے کی سازش کی گئی جسے بلوچستانی وفد نے ناکام بنا دیا اور موقف اختیار کیا کہ بلوچستان پاکستان کا مضبوط حصہ تھا ہے اور انشااللہ رہے گا۔
بلوچستان کے عوام بھارتی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے انھوں نے کہا اس دوران بلوچستان کے پارلیمانی گروپ کی جانب سے بھارت کی سازش کے خلاف نہ صرف بھرپور احتجاج کیا گیا بلکہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا بلوچستان عوام محب وطن ہیں اور ہم اپنے ملک پاکستان کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں دشمن کی ماضی میں بھی گھٹیاسازشوں کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی ہر فورم پر پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔