|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2019

تربت :  کمشنرمکران ڈویژن کیپٹن (ر) محمد طارق زہری نے کہاہے کہ عالمی ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے اساتذہ کرام کی عزت اور وقار کوملحوظ رکھتے ہوئے ضلع کیچ کے114برطرف اساتذہ کی بحالی کیلئے میں اور ڈی سی کیچ مجازحکام کو سفارش کریں گے اوران کو ایک موقع دیں گے اور ان سے حلفیہ لیں گے کہ وہ آئندہ اپنی ڈیوٹیوں پر خود حاضرہوں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلعی انتظامیہ کیچ کے زیراہتمام عالمی ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے بی آرسی تربت میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ آج اس شاندار تقریب میں طلباء وطالبات کی پرفارمنس دیکھ کر ہمیں دلی مسرت ہوئی ہماری آنے والی نسل حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا فن بھی جانتی ہے جو انتہائی خوش آئند امرہے، آج طلباء وطالبات نے جن الفاظ میں اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہی جذبہ کارفرماہو تومعاشرے میں اساتذہ کرام کی عزت واحترام مزید بلندہوگی اور ان کی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گی، کمشنرمکران ڈویژن نے کہاکہ ضلع کیچ کے جن اساتذہ کرام کو گزشتہ مہینوں برطرف کیاگیاہے آج ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے ان کی کمٹمنٹ کودیکھتے ہوئے اس کیس کی انکوائری کیلئے ڈی سی کیچ کی سربراہی میں قائم کمیٹی ان کی بحالی کی سفارش کرے گی تاہم ان اساتذہ کوکسی صورت بحال نہیں کیاجائے گا جن کے پاسپورٹ پر ٹھپے لگے ہیں جوبیرون ملک قیام پزیر ہیں۔

تاکہ کیچ کی تعلیمی ماحول اوربچوں کی تعلیم پر منفی اثرنہ پڑے، تقریب کے مہمان خصوصی ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے سیکٹرکمانڈر بریگیڈئیر عبداللہ سید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فروغ تعلیم کیلئے آرمڈ فورسز،ایف سی اور ضلعی انتظامیہ ایک صفحہ پر ہیں اور تعلیم دوست ومثبت اقدامات کی بدولت آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں،آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل سعیداحمد ناگرا تعلیم کے حوالے سے خصوصی کمٹمنٹ رکھتے ہیں۔

اسکولوں وکالجز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ تعلیم ہی سے قومیں ترقی کے منازل طے کرسکتی ہیں انہوں نے تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلباء وطالبات کی جانب سے اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ، تعلیمی افسران اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کہدہ یوسف محلہ آبسرکے حبیب اللہ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چاہ سرکے ہلال امتیاز، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول آبسرکے شاہدہ حیدر، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کوشقلات کے ماہ گنج نثار نے تقاریر،حمد ونعت اورگورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوشقلات کے صلاح صمد، گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول تربت کے یوسف اینڈ گروپ نے ٹیبلو، گورنمنٹ گرلز ماڈل اسکول تربت کی سدرہ، سمی وغیرہ نے ٹیبلوپیش کئے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض طالبات فرح ناز اور عالیہ نے سرانجام دئیے،تقریب کے آغازمیں قومی ترانہ کے احترام میں شرکاء کھڑے رہے۔

تقریب کے آخرمیں سیکٹرکمانڈر ایف سی ساؤتھ بریگیڈئیر عبداللہ سید، کمشنرمکران ڈویژن کیپٹن (ر) محمد طارق زہری، ڈی سی کیچ سکندر ذیشان، اے ڈی سی کیچ سراج کریم، اسسٹنٹ کمشنرتربت خرم خالد، ڈی ای او کیچ حاجی اخترایاز، ڈی او ای فیمیل زمرد واحد، ایف سی آبسر ونگ کمانڈر کرنل غضنفر،ڈی ڈی ای او تربت اکبر علی اکبر نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات، بہترین اساتذہ کو شیلڈ اور انعامات پیش کئے۔

اسکول سائیڈ میں بیسٹ ٹیچرز ایوارڈ جمیلہ جے وی ٹی گرلز مڈل اسکول شاہ آباد، ماہان عباس ہیڈمسٹریس گرلز ہائی اسکول ناصر آباد، حسینہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جوسک، محمد عصاء ایس ایس ٹی گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول تربت، زاہد علی جے وی ٹی گیشتک بلیدہ، تمکین احمد جے وی ٹی لد بازار آبسر اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ریٹائر ٹیچرنورمحمد، کالج سائیڈ میں بیسٹ ٹیچرزایوارڈ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کی عزیزہ امان اللہ، فائزہ عزیز، مہرین حلیم، گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج تربت کے الہٰی بخش (پروفیسر اکنامکس) اکبرعلی (پروفیسر کیمسٹری) اور بختیار لیکچرار اسٹیٹکس اورلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ریٹائرڈ پرنسپل پروفیسربشیر احمد کو دیئے گئے۔