پنوعاقل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے والے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو سندھ سے تعلق رکھنے والے پیٹی بند بھائیوں نے حراست میں لے لیا۔
سندھ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے سندھ پولیس کو بغیر اطلاع دیئے پنو عاقل میں کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق شیخوپورہ اور فیصل آباد سے ہے۔
سندھ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکار خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کو گرفتار کرنے پنوعاقل آئے تھے تاہم مقابلے کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے۔
سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس او پی فالو نہ کرنے پر پنجاب سی ٹی ڈی کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم اس حوالے سے سندھ پولیس کے کسی افسر کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا ہے۔
ہلاک دہشت گرد لشکر جھنگوی سے تعلق رکھتا تھا: ذرائع
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سعید کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا، ملزم جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیم کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ریڈ بک کے مطابق ملزم پر پنجاب کے مختلف تھانوں میں 11 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
ملزم سعید لاہور میں ڈی ایس پی طارق کمبوہ کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھا، اس کے علاوہ شیخو پورہ میں 13 افراد کو قتل کرنے میں بھی ملوث تھا۔
ریڈ بک کے مطابق ملزم ڈی ایس پی مراتب حسین کے گھر دستی بم حملے میں بھی ملوث تھا۔