|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2019

تربت :  نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی صدر سینیٹرمیرحاصل خان بزنجو سے کراچی میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے تفصیلی ملاقات کی، اس موقع پر انجینئر حمیدبلوچ ان کے ہمراہ تھے، نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے ملکی،قومی وعلاقائی سیاسی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک وقوم پر ایک بھاری بوجھ بن چکی ہے۔

اسے گرائے بغیر قوم سکون نہیں پاسکتی،کیونکہ اس وقت ملکی حالات دگرگوں ہوچکے ہیں، معیشت دیوالیہ بن کر آئی سی یومیں داخل ہوچکی ہے، صنعتیں وکارخانے بند ہورہے ہیں،مہنگائی وبے روزگاری نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیاہے، ایسا محسوس ہوتاہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی شے وجودنہیں رکھتی، دونوں رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ اوردھرنا پر تبصرہ کرتے ہوئے اس امرپر اتفاق کیاکہ یہ مارچ وقت کی ضرورت ہے۔

نیشنل پارٹی جے یو آئی کے آزادی مارچ کی حمایت کرتی ہے، میر حاصل خان بزنجو نے بتایاکہ وہ آج اسلام آبادجارہے ہیں اورکل پیرکے روز وہ اسلام آبادمیں مولانا فضل الرحمن سے ملیں گے جس کے بعد 27اکتوبر کے آزادی مارچ کے حوالے سے نیشنل پارٹی کے لائحہ عمل کاباقاعدہ اعلان کیاجائے گا،سینیٹرمیر حاصل خان بزنجو نے سابق میئرتربت سے ضلع کیچ کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی جس پر سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے انہیں بتایاکہ ضلع کیچ اس وقت ابتر صورتحال سے دوچارہے، ایک طرف برسرروزگار لوگوں کومختلف بہانوں سے برطرف کرکے انہیں نان شبینہ کامحتاج بنایاجارہاہے۔

دوسری طرف ڈکیت وقاتل گروپوں کی وارداتوں سے شہری زندگی اجیرن بن رہی ہے، بدامنی کی صورتحال روزبروز خراب ہوتی جارہی ہے، عوام اب اپنا کاروباربندکرکے ہڑتال واحتجاج پرمجبورہوگئے ہیں،ڈکیت گروپس دیدہ دلیری سے گھروں میں گھس کر آزادانہ طورپر لوٹ مارمیں مصروف ہیں، ماؤں بہنوں سے ان کے کانوں کے زیورات نوچے جارہے ہیں، غریب دوکانداروں کو ایک گیلن پٹرول کیلئے گولیوں کانشانہ بناکر ان کے بچوں کویتیم بنایاجارہاہے۔

محکمہ تعلیم سے114ٹیچرز برطرف کئے گئے ہیں جن کی اکثریت خواتین ٹیچرزکی ہے، جبکہ ٹیچرزکی حالیہ ٹیسٹ وانٹرویو میں مبینہ بے ضابطگیوں اور میرٹ کی پامالیوں نے امیدواروں میں بے چینی کی لہر پیداہوگئی ہے،ووٹ چورنمائندوں کے آنے کے بعد عوام انتہائی مایوسی کے شکارہورہے ہیں ایسامحسوس ہوتاہے کہ ان بھرتی شدہ نمائندوں کوعوام اورعوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔

اس لئے ایسی حکومت کا عوام پرمزید مسلط رہنا مزید تباہی وبربادی کاسبب بن سکتی،سینیٹرمیر حاصل خان بزنجو نے اس صورتحال پراپنی تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی اپنے عوام کسی صورت مسلط کردہ نمائندوں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑ سکتی، نیشنل پارٹی ہرقسم کے نامساعد حالات میں عوام کے ساتھ رہے گی اوران کی سیاسی طورپر رہنمائی کافریضہ سرانجام دیتے ہوئے جمہوری اندازمیں عوامی حق وحقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔