کوئٹہ : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمران بلیدی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو ختم کرکے پاکستان میڈیکل کمیشن بنانا پاکستان کے ڈاکٹروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کمیشن بنا کر اس کے ممبر پاکستان کے ایک معروف ڈانسر کو بنایا گیا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کی مستقبل کا فیصلہ کریں انہوں نے کہا کہ اس ملک میں موجودہ حکومت کچھ بھی کرسکتی ہے ایکٹ ملک کے پارلیمنٹ میں مسترد ہونے کے بعد بھی لاگو ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی جیسے قومی ادارے کو ختم کرنا انتہائی غیر منصفانہ اور غلط اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وں کا شعبہ مسیحا سمجھاجاتا ہے لیکن اس ملک میں مسیحاہوں کی بھی تذلیل جاری ہے پہلے بھی کئی تجربہ کار ڈاکٹر ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں موجودہ نااہل حکومت ڈاکٹروں کو ملک چھوڑنے پر بضد ہے۔ بی ایس او پجار مطالبہ کرتی ہے کہ پی ایم ڈی سی کو فی الفور بحال کیا جائے اور کمیشن کو ختم کیا جائے تاکہ ڈاکٹروں اور پی ایم ڈی سی کے ملازموں کا مستقبل روشن ہو۔