|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2019

اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان ا چکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے تمام سیاسی وجمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

آزادی مارچ کو کامیاب کرنے کیلئے ہم سب کو قربانی دینا ہوگا صوبے میں سابقہ حکومت کو ایک برگیڈیئر کے کہنے پر ختم کر کے وہاں پر غیر جمہوری اور غیر آئینی حکومت کو قائم کردیا گیا اگر ملک میں آئین وقانون کی بالادستی چاہتے ہو تو تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں یہاں کوئی کسی کا غلام نہیں ہے اگر آئین سے ہٹ کر بات کی جائے تو ہم کسی بھی بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے آزادی مارچ کے سلسلے میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ آئین وقانون کیلئے جدوجہد کی ہے اور ہم ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہیں صوبے میں جمہوری حکومت کو ختم کر کے وہاں پرایسے لوگوں کو اقتدار دیا گیا جو کہ آج کسی اور پارٹی کے نام سے صوبے میں اقتدار کررہے ہیں اس طرح غیر آئینی اقدام کی نہ پہلے حمایت کی اور نہ آئندہ حمایت کرینگے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے کوئی کسی کا غلام نہیں یہ سندھی،پنجابی،پشتون،بلوچ اور سرائیکی قوموں پر صوبوں میں ملکیت ہے اس کا ایک آئین ہے ہمیں کوئی یہ نہیں بتائیں کہ آزادی کیا ہے اور ملک کیلئے قربانی دینے کو کیا کہتے ہیں اس وطن کی آزادی میں قربانی پشتونخوا وطن نے دیا ہے۔

لوگ پر وپیگنڈے کررہے ہیں کہ مولانا صاحب مذہبی کارڈ استعمال کررہا ہے میں قسم کھا کے کہتا ہوں کہ آج تک مولانا فضل الرحمان نے اس طرح کی کوئی بات نہیں کی ہے ہم سب مسلمان ہیں ہم مولانا فضل الرحمان سے وعدہ کرتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی کا زور نہیں مانتے ہیں ہر ادارہ اپنے حدود میں رہ کر کام کرے تو ہم ملک چلانے کیلئے تیار ہیں آئین کا ہم دفاع کرینگے آزادی مارچ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اپنے سر کی قربانی کیلئے تیار ہے آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی حیثیت کو بحال کرینگے ورنہ پاکستان کو جلسہ گاہ میں تبدیل کرینگے۔