|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2019

کوئٹہ: وفاقی سیکریٹری برائے توانائی (پاورڈویژن) عرفان علی نے کہاہے کہ تمام افسران و ملازمین ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی کو نبھاتے ہوئے کرپشن کاخاتمہ کرکے کمپنی اور صارفین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اوراُنہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریکوری میں اضافہ کے لیئے بھی اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کیسکو ہیڈ کوارٹر میں افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر محمدعارف،جنرل منیجر(ٹیکنکل) ظہوراحمدشیخ، کیسکوکے چیف انجینئرز عرفان میمن، جاوید آخوند،گل منیر، اخترنبی ڈوگر، ڈائریکٹرجنرل (ایچ آرایڈمن) سید عزیرعلی حسنی، فنانس ڈائریکٹرشیرحسن، منیجر (ایم آئی ایس) امدادعلی،پراجیکٹ ڈائریکٹرز عبدالسلام مینگل اور ولی خان اچکزئی کے علاوہ کیسکوکے تمام سرکلز کے سپریٹنڈنگ انجینئرز اوردیگر اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری برائے توانائی (پاورڈویژن) عرفان علی نے کہاکہ پاورسیکٹر کو چوری سے پاک کرنے کے لئے انجینئرزافسران اورملازمین تمام وسائل بروئے کارلائیں اور کمپنی کومزیدبہتربناکر صارفین کی خدمت کواپنانصب العین بنائیں انہوں نے مزیدکہاکہ کیسکوکے تمام فیڈروں کو بجلی چوری سے پاک کرنے کے لئے میٹروں کو مناسب جگہ پر تنصیب کے عمل کو یقینی بنائیں۔

وفاقی سیکریٹری توانائی (پاورڈویژن) نے کہاکہ بجلی سے متعلق تمام مسائل کاحل اور صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صارفین کوزیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کمپنی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیئے کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ریکوری کی صورتحال کو بھی بہتر بنائیں۔

وفاقی سیکریٹری برائے توانائی نے کیسکو کے تمام افسران کو سختی سے تا کید کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈمیں کام کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کومدنظررکھاجائے تاکہ ناگہانی حادثات سے بچاجاسکے علاوہ ازیں کمپنی میں اچھی کارکردگی کرنے والے تمام افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائیں تا کہ وہ مزید محنت و لگن سے کام کرسکیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئرمحمدعارف اور دیگرمتعلقہ افسران نے وفاقی سیکریٹری برائے توانائی (پاورڈویژن) کو کیسکوکی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔