کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ میں جمعیت علماء اسلا م سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے آزادی مارچ تحریک کے پلان بی کے تحت سڑکیں بلاک کرنے کے خلاف آئینی درخواست دائرکردی گئی درخواست پر سماعت کل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو بلوچستان ہائی کورٹ میں وکیل سلطان محمد کاکڑ ایڈوکیٹ کی جانب سے آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے آزادی مارچ تحریک کے تحت سڑکوں کو بلاک غیر قانونی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے مخالف اقدام ہے۔
لہذا عدالت عالیہ عوام کے وسیع تر مفاد میں اقدامات کرتے ہوئے مرکزی شاہراہوں کو بند نہ کرنے کے احکامات جاری کرے، آئینی درخواست میں جمعیت علماء اسلام کے امیر، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ن) بلوچستان، عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدور،چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ڈویژنل کمشنران اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنران کو فریق بنایا گیا ہے،عدالت میں درخواست پر سماعت کل (پیر کو) ہوگی۔