|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2019

پنجاب پولیس نے بہاولپور کی تحصیل یزمان کے چولستان ریگستان سے دو بھارتی شہریوں کو گرفتار کرلیا جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے اور ان پر جاسوس ہونے کا شبہ ہے۔

دونوں شہری بغیر پاسپورٹ اور دستاویزات کے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور ان کے خلاف کنٹرول آف انٹری ایکٹ 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بھارتی شہریوں کی شناخت پرشانت وائندم ولد بابو راو وائندم اور وری لال ولد صوبی لال کے نام سے ہوئی۔ ایف آئی آر کے مطابق پرشانت کا تعلق بھارتی ریاست حیدر آباد جبکہ وری لال کا تعلق ریاست مدہیہ پردیش سے ہے۔

پولیس بھارتی شہریوں کو آج عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرے گی جس کے دوران ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔