|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2019

کوئٹہ:  صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ اوردھرنے بغیرکسی نقصان کے ختم ہونے پر حکومت کو مبارکباددیتاہوں، پاکستان معدنیات،سیاحت اوروسائل کے حوالے سے دنیا کے چھٹا بڑے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے لائیو اسٹاک کے شعبہ کو ترقی سے برآمدات میں اضافے، غربت کے خاتمے اور ملکی معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔

وفاق اورصوبائی حکومت کے درمیان کسی قسم کے فاصلے نہیں ہیں پرامن اور زرخیز بلوچستان میں ترقی کے راستے تیزی سے کھل رہے ہیں آزادی مارچ اوردھرنے بغیرکسی نقصان کے ختم ہونے پر حکومت کو مبارکباددیتاہوں، نیب اگرکوئی غیرقانونی کام کریگاتومیڈیاکو نشاندہی کرنی چاہئے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ دو ماہ پہلے طے ہوچکا ہے اس میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز بلوچستان یونیورسٹی میں تین روزہ لائیو سٹاک ایکسپو کا افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

لائیو اسٹاک کی ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا انسانوں کی زندگی سے گہرا تعلق ہے، بلوچستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، ماضی میں ہماری لیڈر شپ کے غلط فیصلوں کے باعث پاکستان پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ داری کے باعث 70 فیصد مچھلیوں کے اسٹاک کو ختم کیا، کمرشل سطح پر اس کو زیادہ فروغ دیا گیا، مچھلیوں کی خوراک میں 98 فیصد بچہ مچھلی ہوتی ہے جس سے اس کی پیداواریت پر اثر پڑتا ہے، ہمیں ایکوا فشنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نے بہترین لائیو اسٹاک پالیسی بنائی ہے، مسئلہ کی نشاندہی کر کے اس حوالے سے منصوبہ بندی کر کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، اپنے اور دنیا کے تجربات کے مشترکہ استفادہ سے عمل درآمد میں آسانی رہتی ہے، بلوچستان پائیدار توانائی، فشریز، معدنیات سے مالا مال ہے، آئندہ پانچ سال میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کی صنعت میں جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے ماہی گیروں کو جدید تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کو کاروبار کے حوالے سے خوبصورت ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ جاپان کے دوران کئی سرمایہ کاروں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ چین سے 45 سرمایہ کاروں اور وفود سے ملاقات ہوئی۔

پاکستان سرمایہ کاری اور ان کی سرمایہ کاری کے فروغ دینے والا ملک بننے جا رہا ہے، پاکستان کو محفوظ ملک بنانے پر سیکورٹی اداروں اور قوم کو مبارکباد دیتا ہوں اس سے پاکستان دنیا میں قابل فخر ملک بن کر سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہر گھرانے میں مرغیاں دی جائیں جس سے غربت ختم کرنے میں مدد ملے گی، لوگوں نے اس کا مذاق اڑایا حالانکہ افریقہ میں غربت کے خاتمے کے لئے مرغیاں اور بکریاں پالنا ایک زبردست پیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی بے انتہاء کمی ہے، بچے غذائی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ امیر، غریب اور مڈل کلاس طبقہ خوراک کی کمی کا شکار ہے، لائیو اسٹاک اہم شعبہ ہے جس سے دودھ اور گوشت ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ بچوں کی صحت کے لئے اہم ہے، انسانی زندگی سے لائیو اسٹاک کا گہرا تعلق ہے، موری گالا دودھ کے شعبہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، وہ پاکستان میں اپنی دودھ کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں اور بیرون ملک برآمد کر سکتے ہیں، اس شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر بیرون ملک خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ڈاکٹرز، انجینئرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین کو بیرون ملک جانا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک میں لائیو اسٹاک کے شعبہ کے لئے بڑے وسیع مواقع ہیں، اس سے ملک کی ترجیحات پر اثر پڑے گا، غربت میں کمی آئے گی، خوراک میں بہتری آئے گی، برآمدات بڑھنے سے معیشت مستحکم ہوگی۔

اس شعبہ کی ترقی سے خاندان اور دیہی علاقوں کے لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی، مویشیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے اینٹی بائیوٹکس استعمال کی جاتی ہے، انسانی زندگی پر اس کے اثرات پڑے، دنیا اس معاملے کو سنجیدہ لے رہی ہے، لائیو اسٹاک کے حوالے سے آرگینک گرتھ اور بائیورسٹی اہمیت کی حامل ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں کوئٹہ میں ایکسپو کانفرنس کے انعقاد سے سرمایہ کارمتوجہ ہونگے اور آکر دیکھیں گے کہ بلوچستان کتنا پرامن اورزرخیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات،فشریز،لائیو سٹاک سمیت دیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ جب سے سیکورٹی صورتحال بہتراور ملک میں اچھی قیادت آئی ہے دنیا اسے اچھے اندازسے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو لکھ کر بھیجا ہے کہ یوں محسوس ہورہا ہے کہ گزشتہ 10سے 15سال پاکستان دنیا کونظر نہیں آتا تھا یہاں عدم تحفظ اور امن وامان کی ابتر صورتحال کے بادل چھائے ہوئے تھے لیکن اب اچانک مطلع صاف ہوا ہے اور دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہت بڑی مارکیٹ دکھائی دے رہی ہے اوراس مارکیٹ میں معاملات کھلتے نظرآرہے ہیں۔

لوگ اس کھلتی مارکیٹ میں سرمایہ کاری اس لئے بھی کرنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہے سیاحت،معدنیات اورنوجوانوں پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے کام سے متاثر ہوں بلوچستان اور پاکستان میں ترقی کے راستے تیزی سے کھل رہے ہیں پاکستان کو دنیا میں بہتر مقام مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں تقریر کرکے مسلم امہ کی عکاسی کی ایران اورسعودی عرب کے درمیان امن کیلئے ثالثی کی پیشکش،رجب طیب اردگان اور مہاتیر محمد کے ساتھ ملکرمشترکہ چینل کھولنے کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے غیرقانونی طور پر پاکستان پرحملہ کیا جوکہ خراب اور ظالمانہ حرکت تھی اس کے جواب میں ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور دنیا کواحساس دلایا کہ پاکستان اگرچہ افواج کے لحاظ سے چھوٹا ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں اللہ کے فضل سے ملک ہر چیز میں مثبت راہ پر گامزن ہے۔

صدرمملکت نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ دو ماہ پہلے طے ہوچکا ہے اس میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کے خلاف اگر لوگ عدالتوں میں جارہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری عدالتیں کھلی ہیں جس کسی کو بھی کوئی پریشانی ہو یا اعتراض ہو وہ عدالت جاسکتا ہے اسمیں کوئی حرج نہیں۔صدرعارف علوی نے کہا کہ اسلام آباد میں مارچ اوردھرنے کو بغیر تشدد،افراتفری،آنسو گیس،پتھرا یا جانی نقصان کے ختم کروانے پر حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں میں جب تک زندہ ہوں مجھے صرف موت کا خطرہ ہے حکومت اور پاکستان جتنا مستحکم ہونگے ہماری ترقی کے امکانات اتنے ہی روشن ہونگے پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر جو کردارادا کیا ہے اس پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں پڑوسی ملک ان گڑھوں میں گر رہا ہے جن سے پاکستان نکل چکا ہے ہم نے ملک کو منافرت کی سیاست سے پاک کردیاہے پاکستان کے اندر لوگوں میں تقسیم اورتفریق ختم ہوچکی ہے پاکستان کو نہ کوئی خطرہ ہے اورنہ ہوگا۔ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ نیب اگر کوئی غیرقانونی کام کر رہا ہے تواسے سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتوں کا جائز حق ہے کہ وہ احتجاج کریں لیکن احتجاج کرتے وقت یہ بھی خیال رکھا جائے کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی قوم ہے اس کا فوکس تبدیل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جتنی توجہ حکومت اورکابینہ سیاسی مسائل کے حل پر دے گی ملک کی ترقی کا مسئلہ اتناہی نظرانداز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں کوئی سیاسی بیان نہیں دے سکتا لیکن پارلیمنٹ قانون سازی اور کام کرے اور لڑے کم اس طرح پاکستان کے معاملات آگے جائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں ہم آہنگی ہے ریکوڈک کے کیس سے نکلنے میں اللہ تعالیٰ مددکریگا گوادرپورٹ اور سی پیک کے راستوں کی تکمیل سے دنیا بھر کے ممالک پاکستان کی طرف متوجہ ہونگے بالخصوص بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ میں حکومت بلوچستان عالمی ادارہ برائے خوراک زراعت،جامعہ بلوچستان اور نجی اداروں کی باہمی اشتراک سے جامعہ بلوچستان میں منعقدہ ہونے والی 3روزہ لائیو سٹاک ایکسپوکا باقاعدہ افتتاح کیا انہوں نے لائیو اسٹاک ایکسپو میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا بھی معائنہ کیا اور ثقافتی حوالے سے بنائے گئے اسٹالز میں گہری دلچسپی ظاہر کی، صدر مملکت نے جامعہ بلوچستان میں نئے تعمیر شدہ اکیڈمک اینڈ سروس بلاک کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف،مشیر لائیواسٹاک مٹھا خان کاکڑ،چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر،ارکان صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ بھی انکے ہمراہ تھے صدر مملکت نے جامعہ بلوچستان کے نئے تعمیر شدہ اکیڈمک اینڈ سروس بلاک کا بھی افتتاح کردیا۔