خضدار: اسپیشل اسسٹنٹ وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ یہ عوام کی بھر پور پذیرائی اور اعتماد کا مظہر ہے کہ آج خضدار کے معتبرین اور قبائلی شخصیات اور سیاسی زعماء بی اے پی میں کثیر تعداد میں شمولیت اختیار کررہے ہیں،یہی تبدیلی اور کروٹ بدلنا ہے، جھالاوان بدل رہاہے،لوگ سیاسی آذادی پارہے ہیں۔
یہاں کی سیاست میں ابھار آرہاہے، پہلی بار سردارں کے بہکاوے کو یہاں لوگ ٹھوکریں مار رہے ہیں، یہی شعوروآگاہی کا آغاز اور ترقی کی ابتداء ہے،اب عوامی منصوبے حقداروں کے شہر، محلہ جات میں بنیں گے، ناانصافی، اور اقرباء پروری کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی رہنماء اور قوم پرست جماعت کے سینٹرل کمیٹی کے سابق ممبر وقبائلی شخصیت ٹکری محمد یوسف کرد و ان کے دیگر ساتھی عبدالحفیظ کرد سیف اللہ کرد علی جان کرد سمیت سینکڑوں سیاسی رہنماؤں کی بی اے پی میں شمولیت کے موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں بی اے پی کے ڈپٹی آرگنائزر نذیراحمد نتھوانی، وڈیرہ محمد صالح جاموٹ، عبدالصمد کرد، رئیس علی احمد، ٹکری عبدالکریم کھیازئی، رئیس محمد صالح،سردار زادہ میر شاہ جہان سمیت پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد نے شریک تھی۔
شمولیتی تقریب سے، ٹکری محمد یوسف کرد، سردار بلند خان غلامانی، سردار عزیز محمد عمرانی، ماسٹر عبدالخالق غلامانی، بشیراحمد جتک، میر عتیق الرحمن ساجدی،ماسٹر مرزا خان، سید ظہوراحمد شاہ، عبدالحفیظ کرد، سیف اللہ کرد، علی جان کرد، حافظ عمران،سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
اسپیشل اسسٹنٹ وزیراعلیٰ بلوچستان آغا شکیل احمدو دیگر مقررین نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر کرم ہے کہ اس ذات نے ہم کو عوامی خدمت کے لئے چنا ہے اورہمیں عدل و مساوات کا حکم بھی دیا ہے، عوامی خدمت ایک عباد ت ہے اور ہم اس عبادت کواپناکر کافی سکون بھی محسوس کرتے ہیں، ماضی کے ادوار پر نظریں دوڑائی جائیں تو یہاں عوام کے حقوق غصب کیئے گئے، فنڈز ایسے جگہ پر لگے کہ جہاں ذاتی مفاد، اقرباء پروری ہوئی، یہاں عوام نے جن کو ووٹ دیا انہوں نے عوام کی حالت بدلنے کے لئے کیوں کچھ نہیں کیا، ایسا اب نہیں چل سکتا ہے عوام کے استحصال کرنے کی ہم کسی کو بھی اجازت نہیں دے سکتے ہیں،ہماری تحریک غربت، پسماندگی، اور ناانصافیوں کے خلاف ہے، انشاء اللہ ہم اپنے سیاسی جدوجہد کی بدولت اپنی منزل میں کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہاکہ اتنی بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت ہم پر اعتماد کا مظہر اور ہماری کامیابی کی تصدیق ہے، آنے والے وقت میں بڑی تعداد میں مذید سیاسی رہنماء ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔
سردار بلند خان غلامانی، سردار عزیز محمد عمرانی، ماسٹر عبدالخالق غلامانی، بشیراحمد جتک، میر عتیق الرحمن ساجدی،ماسٹر مرزا خان و دیگر مقررین نے کہاکہ ہمیں فرزند خضدار آغا شکیل احمدخضداری پر فخر حاصل ہے کہ انہوں نے جب سے یہاں خضدار میں سیاسی قیادت سنبھال رکھی ہے انہوں نے حقیقی معنوں میں عوام کے دل میں جگہ بنا کر لوگوں سے اپنی محبت کا اظہار کروادیا ہے۔
انہوں نے خدمت، قیادت، اور مساوات کا جو منفر د اصول یہاں متعارف کرایا ہے وہ اپنی مثال آپ اور ان کی ذاتی خصوصیت ہیں، آنے والے دور میں آغا شکیل احمد خضدار ی کو یہاں سے کامیابی ملے گی اور وہ انصاف پر مبنی عوام کی خدمت اس سے بھی بڑھ کر یں گے۔