|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2019

کوئٹہ:  وزیراعظم کے معاون خصوصی بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی بطور چیئرپرسن سی پیک اتھارٹی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سی پیک کی کامیابی کیلئے اہم قدم قرار دیا ہے۔

یہاں جاری بیان میں سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ سی پیک کو کامیاب بنانے اور بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالنے کیلئے جو اقدامات لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بحیثیت سدرن کمانڈ اٹھائے تھے ان میں بلوچستان کی ترقی کا مرکز و محور ہمیشہ گوادر اور سی پیک رہا ہے اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے سی پیک روٹ کی سیکورٹی کیلئے جن چیزوں کی ضرورت ہے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ان سے بخوبی واقف ہیں۔

سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ سی پیک روٹ کو محفوظ بنائے بغیر کسی قسم کی بھی پیش رفت ممکن نہیں اسلئے وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرپرسن نامزد کیا ہے ہمیں امید ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے کو سنبھالنے کے بعد اسہی انداز میں اس منصوبے کو لیکر آگے چلینگے جیسے انہوں نے بحیثیت کمانڈر سدرن کمانڈ خدمات انجام دی تھیں۔

سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ جو عناصر سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کررہے تھے انہیں منہ کی کھانی پڑیگی اور سی پیک بلوچستان اور پاکستان کی معیشت میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔