تربت: بلیدہ میں بجلی کی طویل بندش اور پانی نا ہونے پر عوام سراپا احتجاج، ریلی نکال کر واپڈا آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ بلیدہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے میں بجلی کی بلا وجہ بندش کے خلاف عوام نے مقامی نوجوانوں کی قیادت میں ریلی نکال کر الندور، سے ہوتے ہوئے میاز، سلو، چھب اور بٹ تک مار چ کیا۔ مارچ کے شرکاء نے واپڈا کی زیادتی اور عوامی نمائندوں کی خاموشی کے خلاف نعرہ بازی کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں نے کہاکہ بلیدہ کو جان بوجھ کر پسماندہ کیا جارہا ہے تاکہ یہاں لوگوں کو اشتعال دلا جائے مگر بلیدہ کے لوگ پر امن ہیں اور پر امن رہ کر واپڈا کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی بندش کو پندرہ دن گزر گئے ہیں مگر ابھی تک اس کی درستگی اپنی بندش کی وجوہات تک سے ہمیں لا علم رکھا گیا ہے جو ہمارے ساتھ زیادتی ہے اس میں افسوس ناک امر منتخب عوامی نمائندوں کی اس زیادتی کے خلاف خاموشی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج بلیدہ میں بجلی کی فراہمی تک جاری رہے گا۔اگر واپڈا نے بلیدہ میں بجلی بحالی یقینی نہیں بنائی تو اس کے خلاف سڑکیں بلا ک کر کے تربت تک لانگ مارچ کریں گے۔انہو ں نے کہاکہ بجلی نا ہونے سے علاقے میں معمولات زندگی بہت زیادہ متاثر ہیں کئی دنوں سے علاقے میں پینے اور ضروری استعمال کے لیئے پانی نہیں ہے اس سے بڑی زیادتی اور عوام کے ساتھ ظلم کیا ہوسکتی ہے۔