|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2019

کوئٹہ : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے کہاہے کہ بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں مزدوروں کیلئے مناسب طبی سہولیات ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات میں اضافہ ہورہاہے مزدوروں فلاح وبہبود کیلئے اورریسکیو سینٹرمیں جدید آلات فراہمی کے ساتھ حادثات میں شہیدہونے والے مزدوروں کے معاوضہ کویقینی بنانے کیلئے بلوچستان حکومت اورتمام اداروں کو سنجید ہ اقدامات اٹھانے چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوکمیٹی کے اراکین سینیٹر بہرا مند تنگی،سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر، سینیٹر میر کبیر محمدشہی، سینیٹر شمیم آفریدی، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمزی اورسینیٹر تاج محمد آفریدی کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقوں سنجیدی اور سورینج میں کوئلے کے مختلف کانوں کے دورے کے موقع پراظہارخیا ل کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف انسپکٹر مائنزبلوچستان شفقت فیاض اورپی ایم ڈی سی کے حکام نے قائمہ کمیٹی کے ممبران کو بریفنگ دیا۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز اورممبران نے مزدوروں کی مخدوش حالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور کان مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ بلوچستان کے کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت اور ان کے فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں حکومت کوئلہ کانوں میں حادثات کی وجوہات معلوم کریں اور ان کے سدباب کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

کمیٹی کے اراکین نے کان حادثات میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کو بروقت معاوضہ کی ادائیگی کی ضرورت پر بھی زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ کانوں میں حفاظتی اقدامات کی عدم فراہمی کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں جبکہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور نا تجربہ کار عملے کو ضروری تربیت نہ دینے سے بھی کان حادثات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ کول مائیز نے جدید سازوسامان اورآلات نہ رکھنے کی وجہ سے مزدوروں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں چونکہ قیمتی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں لہذا مزدوروں کی جان کی سلامتی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

کمیٹی کے اراکین نے کوئلے کی مقامی کان میں واقع ہسپتال کا معائنہ بھی کیا اور ہسپتال کی خستہ حال عمارت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کان کنوں اور ان کے بچوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دیں تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثہ کی حالت میں انہیں فی الفور ابتدائی طبی امداد کی سہولت میسر ہو۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی محسن عزیز اور دوسرے معزز اراکین نے مزدوروں کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وفاقی اورصوبائی حکومت کے ذمہ داران اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کوئلے کے کانوں سے وابستہ ہزاروں مزدوروں کے درپیش مسائل کے حل کیلئے جامع سفارشات مرتب کریگی۔