کراچی: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے پچھلے ٹیسٹ میچ میں بھی رنز نہیں کر پایا تھا تاہم اگر کارکردگی نہ دکھا سکا تو کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں گا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے پر اعتماد ہیں، کراچی کی وکٹ بہت متوازن نظر آتی ہے لہذا وکٹ کو دیکھ کر ٹیم منتخب کی ہے تاہم اعلان میچ سے قبل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو ضرورت پر استعمال کریں گے جب کہ عابد علی کو پانچ برس قبل ہی ٹیسٹ کا حصہ بن جاناچاہیے تھا۔
اظہر علی نے کہا کہ مثبت تنقید ہونی چاہیے اور دفاعی کپتانی کا تاثر درست نہیں، ٹیم بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہے، بولنگ میں نوجوان اور نئے لڑکے ہیں جو بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں، شاہین شاہ اور نسیم شاہ اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔
ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ بہترین کپتانی کروں، احساس ہے کہ میں رنز نہیں کر پارہا، بد قسمتی سے پچھلے ٹیسٹ میچ میں بھی رنز نہیں کر پایا، انٹرنیشنل کرکٹ میں جب آپ پرفارم نہیں کرتے تو تنقید تو ہوتی ہے، تنقید سے کھلاڑیوں کو غلطیاں سدھارنے کا موقع ملتاہے، اگر کارکردگی نہ دکھا سکا تو کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں گا۔