|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2019

کوئٹہ : صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمان کھیتران نے سابق صدر پرویز مشرف کوغدار قرار دینے کے عدالتی فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص نے پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت کی اسے غدار قرار نہ دیا جائے جبکہ دوسری جانب بی این پی کے ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ آج کا دن آئین کی بالادستی سے متعلق اہم دن ہے آئندہ کوئی بھی آئین شکنی کا تصور نہیں کرے گا۔

منگل کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے اپنی پوری زندگی اس ملک کی حفاظت اور عوام کے تحفظ کے لئے وقف کردی تھی ان کو سزائے موت دینا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کو نہ تو سناگیا اور نہ ہی دیگر تقاضے پورے کئے گئے انہیں بھلے سزا دی جائے مگر ایسا شخص جس نے پوری زندگی ملک وقوم کی خدمت کی اسے غدار قرار نہ دیا جائے وہ اس ادارے کے سربراہ رہے ہیں جس کے جوانوں نے اس ملک کے لئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں انہیں غدار قرار دینا قابل مذمت ہے۔

قبل ازیں پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے بی این پی کے ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ آج کا دن آئین کی بالادستی سے متعلق اہم دن ہے 1999ء میں پرویز مشرف نے آئین توڑا جس کے بعد سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں کوئی ایسا گھر نہیں رہا جہاں لوگوں کو مختلف نوعیت کے نقصانات نہ اٹھانے پڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے آج ان پر سنگین غداری کے جرم میں فیصلہ سنایا جو پاکستان کے لئے اہم دن ہے امید ہے کہ اس کے بعد کوئی آئین شکنی اور قانون شکنی کا تصور نہیں کرے گا۔