|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2019

تربت :  کیسکو نے تحصیل تمپ کے ڈھائی ہزار صارفین پر4، ارب روپے کے بجلی بل ڈال دئیے، صارفین کو سابقہ بقایاجات کے نام پرہراساں کرنے کا سلسلہ شروع، 4، ارب روپے ڈھائی ہزار صارف کے حساب سے فی صارف16لاکھ روپے کامقروض بن گیاہے۔

، تمپ کے عوامی حلقوں کا کیسکو کے ناروارویہ کانوٹس لینے کی اپیل، تمپ سرکاری ذرائع کے مطابق کیسکو نے گزشتہ 10سالوں سے جاری انسرجنسی کے دوران بلنگ نہ ہونے کے باعث اب حالات کی بہتری کے بعد تمپ کے ڈھائی ہزار صارفین پر 4ارب روپے واجبات تھونپ دئیے ہیں، تمپ کے عوامی حلقوں کاکہناہے کہ گزشتہ10سالوں کے دوران تمپ اپنی جگہ کیسکو نے تربت شہر، گوادر شہر اور پنجگور شہرمیں بھی بلنگ نہیں کی ہے۔

تمپ، مند میں حالات کی خرابی کاناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کیسکو نے اپناخسارہ پورا کرنے کیلئے صارفین پر بے رحمانہ بل تھونپ دئیے ہیں، صارفین کاکہناہے کہ 4ارب روپے صرف تحصیل تمپ کے صارفین پر ڈال کر کیسکو لوگوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے، تمپ مند میں انسرجنسی اور حالات کی خرابی کے باعث اکثر لوگ اپنے گھربار چھوڑ کر دیگر علاقوں اور شہروں میں چلے گئے تھے جن میں سے اب بھی کافی تعدادمیں لوگ واپس نہیں آئے ہیں مگر اس کے باوجود کیسکو نے دفترمیں بیٹھ کر صارفین کو لاکھوں روپے کامقروض بنادیاہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ ناجائز اور غیرقانونی بلنگ کرنے پر کیسکو کے افسران کے خلاف انکوائری کی جائے اور صارفین کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، ذرائع کے مطابق کیسکو کی جانب سے4ارب روپے کی بلنگ کرنے پر تمپ انتظامیہ بھی تشویش میں مبتلاہوگئی ہے کیونکہ کیسکو کی جانب سے ناجائز ریکوری کے نام پر عوام میں اشتعال پھیل سکتاہے جس پر تمپ انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ ودیگرمتعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیاہے۔