وزیراعظم عمران خان نے ریاستی اداروں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قانونی اصلاحات اور فوری قانون سازی پر مشاورت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا کام ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کو استحکام کی پٹڑی سے ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔جنرل (ر) پرویزمشرف کیس کے فیصلے، موجودہ سیاسی صورتحال اور مختلف قانونی امور پر بھی انہوں نے بابراعوان سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کیا۔بات چیت کے دوران قانونی اصلاحات اورفوری قانون سازی پربھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ ملک میں معاشی استحکام کو کوئی طاقت بھی نہیں روک سکتی۔وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کراچی کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اور شہر قائد کو درپیش مسائل پر انہیں بریفنگ دی۔ اراکین اسمبلی نے انہیں جاری منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے دوران ملاقات کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور اس کی ترقی دراصل ملکی ترقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں کراچی کی ترقی و خوشحالی شامل ہے۔ وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو یقین دلایا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر ہے۔عمران خان نے واضح کیا کہ صنعتی عمل میں تیزی سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے اور وسیع مواقع پید اہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو کراچی کے مسائل کا بھرپور ادراک ہے اور وہ ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں پارلیمانی پارٹی کے وفد معاون خصوصی سردار یار محمد رندسمیت دیگر ارکان سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی جبکہ اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اورصوبے میں سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے ضمن میں صوبائی حکومت کی ہر ممکنہ طریقے سے معاونت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ معاشی استحکام کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صنعتی عمل تیز ہو اور نوجوانوں کو نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔ معاشی عمل کے استحکام اور تیزی سے بلوچستان کے نوجوانوں کو مستفید ہونے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ملکی استحکام اس وقت سب سے زیادہ توجہ کا متقاضی ہے اور موجودہ حکومت کی یہ سب سے بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بحرانات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے بعد ملک میں جو امن اور استحکام آیا ہے اسے برقرار رکھا جائے،اور اداروں کے درمیان تناؤ کو کم کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے ناکہ اس پر مزید سیاست کی جائے کیونکہ ملک کو سب سے زیادہ خطرات بیرونی چیلنجز سے ہے دشمن ممالک آج بھی پاکستان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتے لہٰذا موجودہ حالات یہی تقاضہ کرتے ہیں کہ سب کو ملکر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چائیے اور قومی سلامتی کو اولین ترجیح دینا چائیے تاکہ ملک میں امن و استحکام برقرار رہے اور ہم معاشی مسائل کے حل کی جانب پیشرفت کرسکیں۔