|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2019

کوئٹہ : وزیراعظم کے معاون خصوصی اور بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ٹڈی دل نے رواں سیزن میں کچھی پر تیسرا حملہ کیا ہے۔

ماضی کے سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کو ٹڈی دل کے حملے نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے لیکن محکمہ زراعت نے تاحال ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے اسپرے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی ہے یہاں جاری بیان میں سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ وہ وزیر زراعت اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زمینداروں کو ٹڈی دل کے حملے بچانے کیلئے فی الفور اسپرے کا آغاز کریں بصورت دیگر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

ضلع کچھی کے زمینداروں کو گزشتہ سیلاب کے بعد تاحال بلڈوزر گھنٹے فراہم نہیں کئے گئے جس نے زمینداروں کو تباہی کے دھانے پر پہنچایا ہے اب رہی سہی کسر موجودہ سیزن میں ٹڈی دل کے متواتر تین حملوں نے پوری کردی ہے۔

سردار یار محمد رند نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال اور وزیر زراعت سے مطالبہ کیا کہ ٹڈی دل کے حملوں اور انہیں مزید تباہی پھیلانے سے روکنے کیلئے علاقے میں فی الفور اسپرے کروایا جائے اور انکا مطالبہ ہے ضلع کچھی کیلئے بلڈوزر گھنٹے فراہم نہ کرنے اور اس مد میں مقرر فنڈز کو ضائع کرنے والے افسران کیخلاف تحقیقات کی جائیں۔