کوئٹہ : قائمقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن چھپانے کیلئے حکومت پر تنقید کررہی ہے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار کرنا اور ضمانت دینا نیب اور عدالتوں کا کام ہے عدالت جو بھی فیصلہ کرے حکومت قبول کرینگے ہماری حکومت آتے ہی نیب سمیت تمام اداروں کو خود مختار بنا یا بلاول بھٹو لیاقت پارک میں جلسہ کرے ہر ایک کو جلسہ کا حق ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نادرا رجسٹریشن آفس کے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قاسم خان سوری نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو نادرا سے متعلق بہت سی شکایات تھیں نادرا رجسٹریشن سینٹر کے باعث لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں گی نادرا کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یہاں سینٹر قائم کیا بلوچستان کے لوگوں سے بھی شناخت کے لئے ان دستاویزات کا مطالبہ کیا جائے جو دوسرے صوبوں سے درکار ہوتی ہیں کامیاب جوان پروگرام کو بھی نادرا سے منسلک کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ میں نادرا کا ایک میگا آفس کھولاجائے جو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کرے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اپنے لوگوں کو شناخت دلوانے میں کردار ادا کرے تمام اسلامی ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے خو اسلام کے نام پر قائم ہو پاکستان واحد اسلامی ملک جو ایٹمی قوت بنا یہ ہم سب کے لئے باعث فخر ہے ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو مضبوط اور مستحکم کیا جائے۔
قاسم سوری نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے کرپشن کیسوں میں کسی کو گرفتار کرنا نیب کا کام ہے حکومت نے کبھی بھی مداخلت نہیں کی اگر کسی کو ضمانت پرعدالت نے رہا کیا ہے تو ہم عدالتی فیصلوں کااحترام کرتے ہیں نیب سمیت تمام ادارے خود مختار ہیں حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے بلاول بھٹو کی والدہ کی برسی ہے وہ لیاقت پارک میں جلسہ کرسکتے ہیں حکومت کا جلسے پرکوئی اعتراض نہیں ہے کیونکہ جلسہ کرنا ہر کسی کا حق ہے۔