|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2020

بیجنگ / ماسکو: ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر چین اور روس نے مذمت کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے ہمیشہ بین الاقوامی معاملات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کی ہے، چین نے امریکی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی سے بچنے کے لیے امریکا تحمل سے کام لے۔

چینی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے جب کہ مشرق وسطی اور خلیجی علاقے میں امن و استحکام برقرار رہنا چاہیے۔

روس کی جانب سے بھی امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کی مذمت کی گئی، روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی جنرل کی ہلاکت سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب شام نے بھی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر شدید الفاظ میں امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوگا جب کہ عراق میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

واضح رہے کہ آج صبح عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی جاں بحق ہوگئے۔