|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2020

تربت :  کمشنر مکران ڈویژن طارق قمربلوچ نے کہاہے کہ دنیاکی نظریں مکران پرہیں، سرکارکے ساتھ ساتھ سرمایہ کاربھی یہاں پرتوجہ دیں توترقی کی رفتار تیزترہوگی، صاحب استطاعت لوگ اپنا سرمایہ باہر شہروں یاملکوں کے بجائے یہاں پرلگائیں تو یہ علاقہ کی ایک بڑی خدمت ہوگی اور اس سے سرمایہ کاری کوفروغ ملے گی، حاجی فداحسین دشتی نے یوکے انٹرنیشنل کمپلیکس جیسا اہم کمرشل ورہائشی پروجیکٹ شروع کرکے نجی شعبے کو اس علاقہ کی طرف متوجہ کردیاہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز تربت ائیرپورٹ روڈ تعلیمی چوک پر یوکے انٹرنیشنل کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ حاجی فداحسین دشتی کوہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ تربت شہرکے اندراتنے بڑے کمرشل رہائشی منصوبے کاآغازکررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس خطہ کی جغرافیائی اہمیت،سی پیک اور گوادرپورٹ کی وجہ سے دنیا کی نظریں مکران پرلگی ہیں یہاں ترقی کے بیشمار مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے سنگاپور جیسا چھوٹا ملک صرف ایک پورٹ کی وجہ سے ایشین ٹائیگر بن چکاہے ہمیں بھی گوادر پورٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے،گوادرپورٹ کاسپورٹنگ سٹی تربت ہے اورتربت میں ترقی کے امکانات ومواقع بہت زیادہ ہیں چند سال قبل یہ شہر خستہ حال اورکھنڈرات تھا مگر اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اگریہی رفتار جاری رہی تو آئندہ چند سالوں میں تربت ترقی کے حوالے سے کوئٹہ سے بھی آگے نکل سکتاہے، یہاں پر پانی کاکوئی مسئلہ مستقبل قریب میں نہیں ہے، میرانی ڈیم کے بعد گیشکو رڈیم کی فزیبلٹی بن رہی ہے جس سے تربت کوبہت فائدہ پہنچ سکتاہے، موجودہ حکومت نے تربت سٹی کی ترقی کودیکھتے ہوئے تربت سٹی ڈیولپمنٹ فیزIIشروع کیاہے،ڈھائی 3ارب روپے کے منصوبے شروع ہونے سے اس علاقہ کانقشہ مزید ابھرکر سامنے آئے گا۔

فیزIIمنصوبے میں تربت شہر کی سیکورٹی پربھرپورتوجہ دی جائے گی، مختلف گیٹ لگائے جائیں گے اور کیمرے نصب کئے جائیں گے، یہاں پریونیورسٹی، میڈیکل کالج، لاء کالج، ہسپتال، پارکس وغیرہ سمیت دیگر شہری سہولیات دستیاب ہیں، مکران کی بجلی کونیشنل ٹرانسمیشن لائن بسیمہ سے منسلک کرنے کیلئے بڑے منصوبہ پرکام ہورہاہے، حکومت نے بی آرسی کیلئے پیکیج دیاہے،کیڈٹ کالج بن رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے پاس استطاعت اور سرمایہ ہے وہ دبئی، عمان یاکراچی ودیگر شہروں کے بجائے یہاں پراپنا سرمایہ لگائیں، یہاں پر سرمایہ کاری سے روزگارکے مواقع بڑھیں گے، بی اے پی کے رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشیددشتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حاجی فداحسین دشتی نے جوکام اپنے ہاتھ لیاہے امیدہے کہ اسے کامیابی سے ہمکنارکریں گے۔

اس مثالی پروجیکٹ کوکامیاب بنانے کیلئے ہم ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے، تربت ہم سب کا گھرہے اسے ترقی دینے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل جل کرمشترکہ کاوشیں کریں، ہم پرائیویٹ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ شہرمیں سڑکوں ودیگربنیادی انفرااسٹرکچر کی تعمیر بنیادی اہمیت کے حامل ہیں،5سال قبل تربت ائیرپورٹ تاگوکدان تک کوئی کاروباری سرگرمی نہیں ہوتی تھی مگر ایک سڑک بننے سے آج سینکڑوں دوکانیں کھل گئی ہیں اوررات گئے تک اس سڑک پر روزمرہ ضروریات کی تمام اشیاء دستیاب ہوتی ہیں۔

یوکے انٹرنیشنل کمپلیکس کے منیجنگ ڈائریکٹر حاجی فداحسین دشتی نے منصوبے کے خدوخال سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس پروجیکٹ کامقصد شہریوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔