|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2020

خضدار: جمعیت علمائے اسلام خضدارتحصیل کی مجلس عمومی اجلاس سے رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری،جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، جے یوآئی خضدار تحصیل کے امیر وضلعی نائب امیر مولانا محمد اسحاق شاہوانی،مولانا عبدالصمد قاسمی شاہوانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے یوآئی ملک گیر اور جمہوریت پسند جماعت ہے۔

اس جماعت کی قیادت نے ہمیشہ قوم و ملت کے لئے اپنی گرانقدر خدمات پیش کی ہیں، جب بھی ملک پر کوئی بحران آیا اور قومی مسئلہ درپیش ہوا تو جے یوآئی کی زیرک قیادت نے ہمیشہ اپنی بصیرانہ سیاست کے باعث ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی زعماء کے ساتھ مل کر کردار ادا کیا، آج بھی جے یوآئی وہی کردار تسلسل کے ساتھ نبہارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی خضدار تحصیل کی مجلس عمومی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس زیر صدارت جے یوآئی خضدار تحصیل کے امیر و ضلعی نائب امیر مولانا محمد اسحاق شاہوانی کے منعقد ہوا۔

اجلاس میں جے یوآئی خضدار تحصیل کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالصمد قاسمی شاہوانی نظامت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اجلاس میں تحصیل بھر کے یونٹس نمائندوں نے اپنی رپورٹس پیش کی۔ اس موقع پر جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی،جے یوآئی کے رہنماؤں غلام نبی شاہوانی، مفتی عبداللہ شاکر، قاری عبدالحفیظ قلندرانی، مولانا نصراللہ شاہوانی، مولانا عبدالغفار شاہوانی، مفتی عبدالحکیم شاہوانی، مولانا عبدالسلام سمیت دیگر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ۔

جے یوآئی کے رہنماء اور ورکرز اخلاق، شائستگی اور سنجیدہ مزاج کے حوالے سے اپنی ایک الگ شناخت رکھتے ہیں حالیہ آذادی مارچ کے دوران جے یوآئی کے کارکنوں نے پوری دنیاء کے لئے امن و شائستگی کی جو اعلیٰ مثال قائم کی وہ ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔جے یوآئی کی سیاست اور جدوجہد کا مقصد ملک میں درست نظام اور انصاف کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنا اور قیادت عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کرنا ہے۔

یہ ملک جمہوری ہے اور آئین ہی ہمیں سبق دیتا ہے کہ عوام کی رائے اور جمہوریت کو فوقیت دی جائے اس کے برخلاف اگر کوئی اقدام ہوگا تو جے یوآئی اس کو قبول نہیں کریگی اور تحریک بھی چلائے گی۔ مقررین نے کہاکہ جے یوآئی کے کارکنوں کو چاہیے کہ وہ جماعت کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور جماعت کی دعوت کو عام کریں۔