سوراب : سوراب شہر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہری سرد موسم کے باعث دہرے عذاب میں مبتلا، عوامی حلقوں کا سوئی سدرن کے اعلی حکام سے علاقہ کے لئے درکار مقدار کے مطابق گیس فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق سکندرآباد جو کہ اس وقت شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہے رہی سہی کسر گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔
شہر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری گیس کا بحران اب شدت اختیار کرچکا ہے، کئی کئی گھنٹے گیس غائب رہنے کے باعث سوراب کے شہری برف باری اور ناقابل برداشت سردی میں دہرے عذاب کا شکار ہیں،علاقے میں ایندھن کے متبادل زرائع نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کا مکمل انحصاراب گیس پر ہے لیکن دوپہر اور رات کے اوقات میں گیس کی بندش سے گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے کے لیئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ کہ عوامی شکایات پر پچھلے سال حلقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ کی کوششوں سے سوراب گیس پلانٹ کو علاقہ کی ضرورت کے مطابق مطلوبہ مقدار میں گیس کی فراہمی پر عملدرآمد کاآغاز ہواجس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تھا مگر سردیاں شروع ہوتے ہی حسب سابق علاقے میں گیس کابحران سر اٹھا چکا ہے جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
اور وہ ایک بار پھر مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں، عوامی حلقوں نے منتخب عوامی نمائندوں سے سوراب میں گیس بحران پر قابو پانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔